مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ان کارروائیوں کے دوران 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 316.724 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جبکہ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان میں موجود 7 احراموں میں جذب کی گئی 12.160 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ فیصل آباد کے ایک کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 6.560 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیااْدھر تونسہ ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے 24 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شکار پور روڈ سکھر کے قریب موٹرسائیکل سوار ایک ملزم کے قبضے سے 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، اسی طرح رنگ روڈ پشاور پر واقع ایک سی این جی اسٹیشن کے قریب گاڑی سے 3.450 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیاعلاوہ ازیں واہگہ گاؤں لاہور میں ایک لاوارث ڈرون سے 554 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ دالبدین کے قریب کارروائی کے دوران 260 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی گئی۔اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے