لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 6 ملزموں کو گرفتار کرکے 62 لاکھ سے زائد مالیت کی 17.820 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب 2 ملزموں کے قبضے سے 420 گرام وزنی 950 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں ،گرفتار ملزموں نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 500 گرام وزنی آئس بھرے کیپسول برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔شاہراہ فیصل کراچی پر واقع کورئیر آفس میں بحرین جانے والے پارسل سے 900 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔چارسدہ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 12 کلو گرام افیون برآمدکرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ غازی گیٹ ٹول پلازہ ڈی جی خان کے قریب گاڑی سے 2.4 کلو گرام آئس برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا گیا۔وہاڑی چوک ملتان کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 1.6 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔گرفتارشدگان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔