لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے سات کارروائیوںکے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں 2 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 135.9 کلوگرام منشیات بر آمد کی گئی۔ ملیر کراچی میں ایک ملزم سے 110 گرام آئس بر آمد ہوئی جس نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ راولپنڈی میں سعودی عرب جانے والے پارسل سے 29.36 کلوگرام آئس اور برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 30 گرام ویڈ بر آمد کی گئی۔ سیالکوٹ، بٹگرام اور کوئٹہ میں بھی مختلف کارروائیوں کے دوران چرس، آئس اور ہیروئن بر آمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔? ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔