ہالینڈ،وینزویلا کی خواتین دوستوں سے ملنے آئیں،والد نے اغوا کی اطلاع دی،وزیراعلیٰ کا فوری نوٹس
15 پولیس دو گھنٹوں میں بازیاب کرلیا ، لاکھ ڈالر تاوان مانگا ،تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج، زیادتی کا بھی الزام
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا کی گئی دو غیر ملکی خواتین کو صرف دو گھنٹوں میں بازیاب کروا کر چار ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین اپنے دوستوں سے ملاقات کے لیے پاکستان آئی تھیں۔ اسی دوران ہالینڈ میں موجود ایک خاتون کے والد نے پاکستان کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کی اطلاع دی، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کو دو گھنٹوں میں کارروائی مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے سیف سٹیز اتھارٹی کی تکنیکی معاونت سے فوری ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ملزموں کو ٹریس کر کے دونوں غیر ملکی خواتین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ،پولیس نے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ نمبر 1560/26 درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزموں نے خواتین کو اغوا کر کے 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا، جبکہ متاثرہ خواتین نے ملزموں پر زیادتی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ متاثرہ خواتین کا طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے اور حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کیلئے خواتین کے خلاف جرائم ریڈ لائن ہیں اور خواتین کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔