کھٹمنڈو(آئی این پی )نیپال میں مائونٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے دوران دو غیرملکی کوہ پیما جان سے گئے۔حکام کے مطابق مرنے والوں میں بھارت سے تعلق رکھنے والے سبھراتا گھوش اور فلپائن کے فلپ دوم سانتیاگو شامل ہیں۔45سالہ سبھراتا گھوش نے دنیا کی بلند ترین چوٹی 8849میٹر اور 29ہزار 32فٹ سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران ہیلری اسٹیپ پر دم توڑ دیا۔نیپالی ٹریکنگ کمپنی سنوئی ہورائزن ٹریکس اینڈ ایکسپیڈیشن کے مطابق وہ نیچے آنے سے انکار کر رہے تھے اور اسی دوران چل بسے۔حکام کے مطابق سبھراتا گھوش کی لاش کو بیس کیمپ تک لانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ انکی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔دوسری جانب فلپائن کے فلپ دوم سانتیاگو بھی 45سال کے تھے اور وہ چوٹی سر کرنے کے راستے میں جنوبی کول پر دم توڑ گئے۔نیپالی محکمہ سیاحت کے اہلکار کا کہنا ہے کہ سانتیاگو جب چوتھے ہائی کیمپ تک پہنچے تو بہت تھکے ہوئے تھے، وہ اپنے خیمے میں آرام کرتے ہوئے جان سے گئے۔