پاکستانی کوششوں سے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے: ایرانی وزیر خارجہ

پاکستانی کوششوں سے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے: ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی اور واقعات نے ظاہر کر دیا ہے کہ کسی بھی سیاسی بحران کا حل فوجی طاقت کے ذریعے ممکن نہیں۔  
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری ہی واحد حل ہے، اور پاکستان کی کوششوں کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت میں کچھ پیش رفت بھی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔  عباس عراقچی نے امریکی حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے عناصر سے محتاط رہنا چاہیے جو انہیں دوبارہ بڑے تنازع یا دلدل میں پھنسانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر خطے کے دیگر ممالک، خاص طور پر متحدہ عرب امارات، کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔  
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی منصوبہ ’پروجیکٹ فریڈم‘ پر تنقید کرتے ہوئے اسے مسئلے کے حل کے بجائے تعطل کا سبب قرار دیا اور اسے ’پراجیکٹ ڈیڈ لاک‘ کہا۔  تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی، عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر اثر انداز ہو رہی ہے، اور خطے میں سفارتی کوششوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔