لاہور میں غیرملکی خواتین کی مبینہ عصمت دری، رضا ڈارسمیت5افراد کیخلاف مقدمہ درج

رضاڈار نے اکتوبر 2025 میں سنگاپور میں ملاقات میں پاکستان آنے کی دعوت دی، ملزم نے غیرملکی خواتین کو پاکستان بلایا اور خود ہی ویزوں کا انتظام کیا
پاکستان پہنچنے پر رضا ڈار اور تین ملزمان نے  خواتین کو اغواء  کیا‘  کئی مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم خود بھی مغوی ہونے کا ڈرامہ کرتا رہا :ایف آئی آر کا متن
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں غیرملکی خواتین سے اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا مقدمہ  رضا ڈار سمیت پانچ افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ۔نجی ٹی وی  کے مطابق 2 غیرملکی خواتین کی درخواست پر تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں مرکزی ملزم محمد رضا ڈار سمیت 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔متاثرہ غیرملکی خواتین کا تعلق ہالینڈ اور وینزویلا سے ہے، ملزمان نے خواتین سے رہائی کے بدلے رقم طلب کی۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں عائد الزامات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق رضاڈار نے اکتوبر 2025 میں سنگاپور میں ملاقات میں پاکستان آنے کی دعوت دی، ملزم نے غیرملکی خواتین کو پاکستان بلایا اور خود ہی ویزوں کا انتظام کیا، 29 جون 2026 میں پاکستان پہنچنے پر رضا ڈار اور اس کے ساتھ دیگر تین ملزمان نے اغوا کیا۔متاثرہ خواتین کے مطابق اغوا کاروں نے کئی مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم خود بھی مغوی ہونے کا ڈرامہ کرتا رہا اور ملزمان رقم کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔ایف آئی آر میں خواتین نے موقف اپنایا ہے ملزم  تاوان کی رقم نہ دینے پر تشدد اور قتل کرکے اعضا فروخت کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔غیرملکی خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہم سے زبردستی رقم لی پانچوں ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔