غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملہ، 2 فلسطینی شہید

مقبوضہ مغربی کنارے، غزہ کی پٹی میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ کا انتباہ
غزہ ‘ بیروت‘ نیویارک(آئی این پی )غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے میں 2 فلسطینی شہید جبکہ ایک بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ،مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے کئی قصبوں اور دیہاتوں میں داخل ہو کر کارروائیاں کی ہیں۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں زخمیوں کو فوری طور پر ناصر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ادھر غزہ سٹی کے وسطی علاقے یرموک میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی زخمی ہو گئے، جن کو طبی امداد کیلئے قریبی مرکز صحت منتقل کردیا گیا ہے تاہم صحت کی ناکافی سہولیات کے باعث پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے کئی قصبوں اور دیہاتوں میں داخل ہو کر کارروائیاں کی ہیں۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنین کے مغرب میں واقع قصبے رمانہ میں چھاپہ مارا، رام اللہ اور البیرہ کے علاقے میں واقع گاں دیر ابو مشعل میں اسرائیلی فوج کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث کئی فلسطینی متاثر ہوئے۔بیت لحم کے جنوب مشرق میں اسرائیلی آبادکاروں نے پانی کی پائپ لائنیں چوری کر لیں، اسی علاقے کے گائوں وادی رحال میں آبادکاروں نے یروشلم ڈسٹرکٹ الیکٹرک کمپنی کے عملے پر حملہ کیا۔اسرائیلی آبادکاروں نے جنین کے جنوب میں واقع قصبہ عرابہ پر دھاوا بولا اور رام اللہ کے مغرب میں واقع گاں عین عریک پر بھی حملہ کیا۔دریں اثنااقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دونوں علاقوں میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ضروری ادویات کا ایک تہائی ذخیرہ ختم ہو چکا ہے، رواں سال اب تک 11 ہزار سے زائد سرجریز ملتوی کی جا چکی ہیں جس سے صحت کے شعبے پر بڑھتے ہوئے دبا کی عکاسی ہوتی ہے۔سال 2026 کے آغاز سے اب تک اسرائیلی آبادکاروں کے ایک ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں جانی نقصان اور املاک کو نقصان پہنچا، یہ حملے مغربی کنارے کی 230 سے زائد فلسطینی آبادیوں کو متاثر کر چکے ہیں، اس تشدد کے باعث 2,200 سے زائد فلسطینی اپنے گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے ہیں