موٹر سائیکل‘چھوٹی گاڑیاں پٹرول پر100 روپے لٹر ریلیف مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے:شہبازشریف
موٹر سائیکلوں، رکشہ اور رکشہ موٹرسائیکل پر ماہانہ 20 لٹر پٹرول پر ریلیف ملے گا‘ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لٹر پٹرول پر100 روپے ریلیف دیا جائے گا
خصوصی ریلیف سکیم کی رجسٹریشن کا اجرا ء کردیا گیا‘ ریلیف کا اطلاق بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب ہوگا‘تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پرپڑنے والے بوجھ کا پورا احساس ہے:وزیراعظم
حوثیوں کی کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں‘ فیلڈمارشل اور نائب وزیر اعظم سے مل کر کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے:وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشے اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان کردیا۔وزیر اعظم نے کہا تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پرپڑنے والے بوجھ کا پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، موٹرسائیکل، رکشے، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے خصوصی سکیم شروع کررہے ہیں۔وزیر اعظم نے اعلان کیا موٹرسائیکل، رکشے، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی والوں کو فی لیٹرپیٹرول پر 100 روپے ریلیف دیا جائیگا۔موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو ماہانہ 30 لیٹرپیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائیگا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اسلام آباد کی حدود میں ریلیف کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کردیا جائیگا جبکہ پورے پاکستان بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان میں ریلیف کا اطلاق بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب ہوگا۔وزیر اعظم نے مزید کہا خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجرا آج سے کردیا گیا ہے، ریلیف کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائیگا، اسکیم رجسٹریشن کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات دینے پرصوبوں کے شکرگزارہیں۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں وزیراعظم نے سعودی عرب پرحوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے شہری واقتصادی بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا حوثیوں کی کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، یہ کارروائیاں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔