ویب ڈیسک: شیخوپورہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بھائی نے معمولی تلخی پر اپنی بہن کو گرم پانی پھینک کر بری طرح جلا ڈالا۔
پولیس کے مطابق ایمرجنسی 15 ہیلپ لائن پر کال موصول ہوئی، جس میں اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون کو اس کے بھائی نے گرم پانی پھینک کر جھلسا دیا ہے۔ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو جائے وقوع پر روانہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی، جہاں بھائی نے معمولی بات پر جھگڑا شروع کر دیا اور طیش میں آ کر چولہے پر رکھا ہوا گرم پانی بہن پر پھینک دیا، جس سے خاتون کا جسم بری طرح جھلس گیا۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو اسپتال منتقل کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اس واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات جاری ہیں۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے کے لوگوں میں غم اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔