شیخوپورہ کے علاقے تھانہ کوٹ عبدالمالک کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی سابقہ اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی پر مبینہ طور پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید جھلس گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں خاتون کے بازو اور جسم کے دیگر حصے متاثر ہوئے جبکہ کم سن بچی بھی جھلسنے سے زخمی ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا ہے۔واقعے کا نوٹس چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون اور بچی کو انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق متاثرین کو ہر ممکن قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق ایسڈ حملہ ایک سنگین اور ناقابلِ برداشت جرم ہے جس میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ایسڈ کنٹرول بل 2025 کے تحت ایسے جرائم کے لیے سخت سزائیں تجویز کی ہیں، جن میں کم از کم 14 سال قید اور جرمانہ شامل ہے۔ اس قانون کے تحت ایسڈ کی خرید و فروخت کو بھی ریگولیٹ کیا گیا ہے، اور اس کے لیے شناختی کارڈ اور مکمل ریکارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور متاثرہ خاتون اور بچی کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔