لاہور(آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کا آفس اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت نو مئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔مسلم لیگ ن کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹنیر جلانے سمیت نو مئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر ،فواد چوہدری،مسرت جمشید چیمہ اورجمشید اقبال چیمہ حاضری کیلئے پیش ہوئے ۔اعظم خان سواتی عبوری اور حافظ فرحت عباس بھی حاضری کیلئے پیش ہوئے۔عدالت نے ملزمان کے وکلا سے ضمانتوں پر دلائل طلب کرلئے ،بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمی خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں،ان کے وکیل مدثر چوہدری پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے سماعت کی،جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے تفتیشی رپورٹ پیش کر رکھی ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق علیمہ خانم اور عظمی خانم سمیت تمام ملزمان گناہگار قرار دیئے گئے ہیں،اعظم خان سواتی،جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ،حافظ فرحت عباس،بلال اعجاز ،رائے حسن نواز،علی امتیاز وڑائچ ، محمد احمد چٹھہ،محمد اشرف سوہنا،رائے مرتضی اقبال سمیت دیگر نے بھی عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے۔ملزمان نے مسلم لیگ ن کا آفس اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت نو مئی کے دیگر مقدمات میں عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔