کائٹ فلائٹ ایکٹ‘ہائیکورٹ نے متعدد افسرو ں کو آج طلب کرلیا

 ڈی جی والڈ سٹی، ڈی جی پی ایچ اے اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو  عدالت طلب کیا گیا ہے
ڈور پھرنے کے واقعات کیوں نہیں رک رہے‘ ایس ایس پی آپریشنز اور ڈی سی رپورٹ جمع کرائیں:عدالت
لاہور(آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ میں کائٹ فلائنگ ایکٹ پر عملدرآمد روکنے اور اسے غیر قانونی قرار دینے کیلئے  دائر درخواستوں پر عدالت نے ڈی جی والڈ سٹی، ڈی جی پی ایچ اے اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو آ ج  طلب کر لیا جبکہ ایس ایس پی آپریشنز اور ڈی سی لاہور کو نئی رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔دورانِ سماعت عدالت نے بسنت کے موقع پر فیک نیوز کے خلاف موثر کارروائی یقینی بنانے کیلئے   ڈی سی لاہور کو ایف آئی اے کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی، عدالت نے ریمارکس دیئے اگر کوئی فیک نیوز کی پوسٹ وائرل ہو تو فوری کارروائی ہونی چاہیے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دو روز قبل بھی لاہور میں ڈور پھرنے کا واقعہ پیش آیا، سوال یہ ہے  اس وقت انتظامیہ کہاں تھی؟ اس پر عدالت نے استفسار کیا  بتائیں ایسے واقعات کیوں نہیں رک رہے؟ عدالت نے ڈور پھرنے کے واقعات سے متعلق ایس ایس پی کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔لیسکو حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خطرناک مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے