حادثات،ٹریفک افسرو ں کی شامت

مہلک حادثات پر ڈرائیور  پر مقدمے میں تاخیر کرنیوالے ٹریفک افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا حادثات کی روک تھام کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کی ہدایت پر ٹریفک پولیس الرٹ، ٹریفک حادثات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی میں تاخیر کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ ایکشن کا فیصلہ کیا گیا۔ یکم جنوری اب تک جان لیوا حادثات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق حادثات میں ملوث ڈرائیور پر بروقت ایکشن نہ لینے والے ڈی ٹی او اور متعلقہ ٹریفک آفیسر کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی ہوگی۔ صوبہ بھر میں مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنایا جائے۔ مہلک حادثات میں ورثاء￿  کی عدم دلچسپی کی صورت میں ٹریفک پولیس خود مقدمات درج کروائے گی۔ ٹریفک پولیس مہلک حادثات کی مکمل پیروی کرے گی۔ جان لیوا اور خطرناک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ ہو گئے اور دوبارہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔ سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے ساتھ ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو گا۔ خطرناک اور ریش ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب کو محفوظ بنانے کے عزم کو ہم یقینی بنائیں گے۔