پنجاب کے عوام کیلئے صاف، محفوظ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ اولین ترجیح ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ  نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹر اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا‘ الیکٹروبس کے جدید ترین آٹومیٹک واشنگ پلانٹ اورالیکٹروبسوں کیلئے جدید ترین چارجنگ سٹیشن کا بھی مشاہدہ 
 کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ ،1500نئی بسوں کیلئے ٹائم لائن طلب کر لی‘ الیکٹروبس چارجنگ سسٹم جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور گرین الیکٹروبس کے نئے روٹس دریافت کرنے کی ہدایت
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹر اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹروبس کے جدید ترین آٹومیٹک واشنگ پلانٹ کا مشاہدہ کیا۔واشنگ پلانٹ پر آٹو میٹک طریقہ کار سے الیکٹرو بس کی واشنگ اور ڈرائی کیا جاتا ہے۔الیکٹروبس کے جدید ترین واشنگ پلانٹ میں ری سائیکلنگ کے ذریعے پانی کو دوبارہ استعمال میں لایا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹروبسوں کے لئے جدید ترین چارجنگ ا سٹیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔ یو ٹونگ کمپنی کے جدید ترین 160کلوواٹ چارجنگ ا سٹیشن 105منٹ میں الیکٹرک بس کو چارج کیا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین الیکٹروبس کے نئے روٹس دریافت کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹروبس چارجنگ سسٹم جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسافروں کی تعداد کے پیش نظر مزیدبہتر انتظامات کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 1500نئی بسوں کیلئے ٹائم لائن طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین بس پراجیکٹ کے کاربن کریڈٹس کلیم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ سپیشل افراد کی معاونت کرنے والا الیکٹروبس کے عملے کا جذبہ قابل تحسین ہے۔گرین بس کی لانچنگ سے پنجاب میں رائیڈر شپ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جلد از جلد میٹرو بس سروس پراجیکٹ کا آغاز کرنے چاہتے ہیں۔ مختلف مقامات پر مسافروں کو انتظار کرنا پڑتا ہے، مزید بسیں بڑھائی جائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹروبس کے ذریعے عوام کو آرام دہ سفر کی بہترین سہولت میسر ہے۔ حکومت پنجاب عوام بالخصوص بچوں اور خواتین کی سہولت اور تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ اسمارٹ ٹریول سسٹم عوام کے لیے آسان، تیزسفری سہولت فراہم کررہا ہے۔الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی اور اسموگ میں کمی کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے لئے صاف، محفوظ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ اولین ترجیح ہے۔ سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے تفصیلی بریفنگ دی۔