عوام کو معیاری علاج کی سہولیات ان کی دہلیز تک فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں:جھنگ میں تقریب سے خطاب
جھنگ (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور عوام کو معیاری علاج کی سہولیات ان کی دہلیز تک فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں امراضِ قلب کی کیتھ لیب کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھنگ میں نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو جلد عوام کے لیے فعال ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دلی خواہش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں دل کے امراض کا جدید ہسپتال قائم ہو، کیونکہ ایمرجنسی کی صورت میں دل کے مریضوں کو کسی اور شہر منتقل کرنا نہایت مشکل ہوتا ہے، جس کا انہیں بخوبی ادراک ہے۔مریم نواز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کے سنگِ بنیاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک سولہ کیتھ لیبز قائم کی جا چکی ہیں جبکہ جہلم میں کیتھ لیب جلد آپریشنل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کی سہولیات کا معیار بہتر ہونے کی وجہ سے دیگر صوبوں کے لوگ بھی علاج کے لیے یہاں آ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھنگ میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں اور یہ ضلع بہت جلد پنجاب کے ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ اب سیف سٹی بن چکا ہے جس سے شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس وقت پنجاب بھر میں سات لاکھ افراد کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ غربت اور وسائل کی کمی کے باعث عوام کو علاج میں درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستحق شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے