لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت کے تحت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں 'میٹ دی فورس' پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے ''میٹ دی فورس'' پروگرام کے تحت مختلف تھانو ں میں ڈیوٹی کے فرائض انجام دینے والے سب انسپکٹرز سے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں طویل ملاقات کی۔ایس پی ہیڈ کواٹرزودیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے پولیس جوانوں کو درپیش مسائل سنے اور حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ فیصل کامران نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئندہ دو ماہ کے دوران بڑے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا رہے گا جس کے لئے لاہورپولیس کا ہر افسر اور جوان تیار ہے۔ کرکٹ ٹرائی سیریز، چمپین ٹرافی، ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے بڑے ایونٹس شامل ہیں۔ فیصل کامران نے افسران اور جوانوں سے کہا کہ وہ محنت اور لگن سے اپنے فرائض ادا کریں تاکہ وہ اپنے محکمہ پولیس کا نام روشن کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ تھانوں میں انصاف کے لئے آنے والی ہر شہری قابل عزت ہے۔آپ سب محنت و لگن سے اپنا فرض ادا کریں تاکہ اپنے مثبت رویوں سے محکمہ پولیس کا نام روشن ہو سکے۔شہریوں کی جان ومال کا تحفظ، امن وامان کا قیام ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مظلوموں کی مدد کریں اور ان کی طرف اٹھے والے ظلم کے ہاتھوں کو روکیں۔جرائم کو روکنے میں پولیس جوان ہر اول دستہ، عظیم قربانیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جوان پولیس فورس کی اصل شناخت ہیں، اپنا سر فخر سے بلند رکھیں۔ آپ کو کوئی بھی مسئلہ ہو مجھ سے براہ راست رابطہ کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے براہ راست رابطہ کے لیے اپنا موبائل نمبر جوانوں کے موبائل میں سٹور کروا دیا۔