وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اجلاس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اجلاس

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے ایئرپورٹس پر چیکنگ مزید سخت کرنے اور سرحدی علاقوں میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ڈرونز کے ذریعے نگرانی بڑھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں۔محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید، ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر سکندر حیات، ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈیئر عمران اور ڈائریکٹر انٹیلیجنس کرنل کامران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس کریک ڈاؤن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایئرپورٹس پر چیکنگ کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے تاکہ منشیات کے سمگلنگ کے واقعات کو روکا جا سکے۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب سے پاکستانی خاندان کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے اے این ایف کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اے این ایف کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔