ہڑپہ بائی پاس پر ایمبولینس موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ٹرالر سے ٹکرا گئی ،3افرادچل بسے،6زخمی
ساہیوال، چیچہ وطنی،شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)ساہیوال ہڑپہ بائی پاس اور سچا سودا کے قریب ٹریفک حادثات میں5افراد جاں بحق ،7 زخمی ہوگئے۔ ہڑپہ بائی پاس پر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے مریض لے جانے والی ایمبولینس ٹرالر اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس سے 3افراد موقع پر جاں بحق اور6زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 25سالہ ظفر،45سالہ سرفراز اور نامعلوم شخص جبکہ ایمبولینس سوار زخمیوں میں سنیلہ ،محمد بی بی ،ریاض ،جاوید اقبال ، ندیم اور نعیم شامل ہیں۔ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ شیخوپورہ سرگودھا روڈ پرٹاہلی والا سٹاپ سچا سودا کے قریب ڈمپر اور موٹرسائیکل کے تصادم میں دو افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ دھند اور تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ ریسکیو 1122 ٹیم نے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت دانش ولد سلیم عمر 24 سال اور حمزہ ولد لیاقت عمر 20 سال سے ہوئی جبکہ شدید زخمی نوجوان کی شناخت اسد ولد خالد عمر 18 سال سے ہوئی۔