شدید آتش بازی کی وجہ سے حادثات میں13سرکاری اہلکار زخمی بھی ہوئے ،پولیس ترجمان
برلن (آئی این پی ) جرمنی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر آتش بازی کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس ترجمان فلورین ناتھ کا کہنا ہے کہ اس برس شدید آتش بازی کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں 13 سرکاری اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیڈربورن کے علاقے میں ایک 24 سالہ شخص آتش بازی میں استعمال ہونے والا ایک چھوٹا راکٹ چلاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔اسی طرح سیکسونی میں ایک 45 سالہ شخص اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ آتش بازی میں استعمال ہونے والا پائروٹیکنک بم چلا رہا تھا، اسی علاقے کے مشرقی حصے میں ایک 50 سالہ شخص پائپ بم چلاتے ہوئے سر میں شدید چوٹ سے ہلاک ہو گیا۔ہیمبرگ کے شمالی علاقے میں ایک 20 سالہ نوجوان اس وقت شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا جب وہ آتش بازی کے سامان کو آگ لگا رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پانچواں شخص برلن کے قریب شمالی علاقے کریمن میں آتش بازی کے سامان کا ہی نشانہ بنا جبکہ اسی علاقے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے۔