حد نگاہ کم ہونے سے سرائے مہاجر گوجرہ ،ٹھٹھہ ،قصور،الہ آباد،تلونڈی،کالاشا ہ کاکو میں حادثات
لاہور ( کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )شدید دھند اور سموگ کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں ماں دو بچوں سمیت14 افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی ہوگئے۔حد نگاہ کم ہونے سے سرائے مہاجر گوجرہ ،ٹھٹھہ ،قصور،الہ آباد،تلونڈی،کالاشا ہ کاکو میں حادثات پیش آئے دریاخا ن میں سرائے مہاجر کے قریب ایم ایم روڈ پر اوچ شریف سے راولپنڈی جا نے والی بس سڑک پر کھڑے ٹرالر کیساتھ عقب سے جا ٹکرا ئی ،حادثہ تیز رفتاری اورسموگ پرٹرالر نظر نہ آنے پر پیش آیا ، جاں بحق افراد میں اللہ وسایا اور نعیم شامل ہیں جن کا تعلق ملتان سے تھا۔ زخمیوں میں عمران، صغیر ، فرحان، مبشر ، اقبال شہزاد ، بلال، غلام حسین، زاہد و دیگر شامل ہیں، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور لاشوں کوہسپتال منتقل کر د یا۔ گوجرہ میں سموگ پرٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی ،ماں اور دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیہ کی تحصیل چوبارہ میں تیز رفتاری وین اور ٹرک میں تصادم سے12 افراد اورساہیوال کے علاقے کسووال میں نیشنل ہائی وے پر وین اور ٹرک میں تصادم سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں گھارو کے قریب قومی شاہراہ پر دھند پر 6 گاڑیاں ٹکرا گئیں ،5 افراد جاں بحق 12 زخمی ہوگئے۔ 2 ٹرک ، کاروں سمیت گاڑیوں کے تصادم میں 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے۔ 14 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیاجہاں 2 زخمی دم توڑ گئے جبکہ 4 شدید زخمیوں کو نازک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا۔ کوڑے سیال کے رہائشی شاہد آفریدی ، غلام عباس،شہزاد اور عنایت 2 موٹرسائیکلوں پر نجی رائس ملز کوڑے سیال الہ آباد کے نزدیک جارہے تھے کہ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر ماردی ،جس کے نتیجہ میں شاہد آفریدی اور غلام عباس موقع پر دم توڑگئے، جبکہ شہزاد اور عنایت زخمی ہوگئے،جن کو بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیاگیا، ورثا نے دیپالپورروڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرکے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ملزموں کو جلد گرفتار کیاجائے۔ عمران موچی اور اویس بلوچ موٹرسائیکل پر گھر جارہے تھے کہ بلوکی روڈ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے عمران موقع پر جان کی بازی ہارگیا، جبکہ اویس شدید زخمی ہوگیا، جس کو جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیاگیا۔ نواحی علاقہ کوٹ پنڈی داس روڈ پر اینٹوں سے لدے ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار 22سالہ نوجوان عثمان موقع پرجان کی بازی ہار گیا،ریسکیو 1122نے نوجوان کی لاش مقامی پولیس کے ذریعے ورثا کے حوالے کر دی۔