بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا کا فضائی آلودگی پر شدید تنقید، کہا: مردہ زمین پر ترقی ممکن نہیں

بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا کا فضائی آلودگی پر شدید تنقید، کہا: مردہ زمین پر ترقی ممکن نہیں

بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور خطرناک حد تک خراب فضائی معیار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دہلی اور اس کے قریبی اضلاع میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 377 تک پہنچ گیا ہے، جو شہریوں کے لیے انتہائی مضر صحت قرار دیا جا رہا ہے۔ ریچا چڈھا، جو 2010 میں دہلی سے ممبئی منتقل ہو گئی تھیں، لیکن اب بھی اکثر اپنے شہر جاتی رہتی ہیں، نے اپنی جذباتی گفتگو میں بتایا کہ پہلے دہلی کی سردیاں لوگوں کے پسندیدہ موسم ہوا کرتی تھیں، جن میں وہ چھت پر بیٹھ کر گجک اور مونگ پھلی سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ لیکن آج کے حالات دیکھ کر دل غمگین اور افسوس سے بھر جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ملک کے دیگر حصے بھی اس بری فضائی معیار سے محفوظ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، ممبئی کا اے کیو آئی بھی 200 سے 300 کے درمیان رہتا ہے، اور 50 یا 100 سے اوپر کی فضاء کو غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ ریچا چڈھا نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ترقی کے اس دوڑ میں ہم آخر کس قیمت کی ادائیگی کر رہے ہیں؟ جب عام لوگ سانس ہی نہیں لے سکتے، تو یہ بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے کس کے لیے بن رہے ہیں؟

اداکارہ نے ماحولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مردہ زمین پر کوئی ترقی ممکن نہیں، اور نہ ہی ماحول کے بغیر معیشت قائم رہ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلمیں اور میڈیا موسمیاتی تبدیلی، فصلوں کی تباہی، نقل مکانی اور دیگر ماحولیاتی مسائل کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں۔ ریچا چڈھا کا مؤقف ہے کہ ثقافتی اور فلمی صنعت ماحول دوست سوچ بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، تاکہ عوام میں ماحول کے تحفظ کا شعور اجاگر ہو۔