پاکستان کی اداکارہ، میزبان اور تجزیہ کار نادیہ خان نے حالیہ تنقید کے معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں لوگوں کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اپنے مؤقف کے اظہار سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
ٹی وی پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ ماضی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونا اور لوگوں کی تنقید انہیں متاثر کرتی تھی، تاہم اب صورتحال مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ جو چاہیں کہیں، اب تنقید ان کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بنتی۔نادیہ خان نے حالیہ دنوں ڈراما ’زنجیریں‘ پر کی گئی اپنی تنقید کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ڈرامے کی کہانی میں کئی خامیاں موجود ہیں۔ ان کے مطابق مرکزی کردار ’سربلند‘ کا ’بانو‘ کو تلاش نہ کرنا اور دیگر کرداروں سے لاتعلق رہنا کہانی کو غیر منطقی بناتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامے کے ایک اہم منظر میں اداکارہ سجل علی نے شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا، تاہم ان کے مطابق سربلند کا کردار ادا کرنے والے اداکار کے تاثرات اس منظر کے معیار کے مطابق نہیں تھے، جس کی وجہ سے منظر کا اثر کم ہوگیا۔
واضح رہے کہ نادیہ خان کی جانب سے ڈراما ’زنجیریں‘ پر تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا بیان تیزی سے وائرل ہوا تھا۔ اس پر شوبز انڈسٹری کی بعض شخصیات نے بھی ردعمل دیا اور نادیہ خان کے تبصرے پر تنقید کی۔تاہم نادیہ خان کا کہنا ہے کہ وہ بطور تجزیہ کار اپنی رائے کا اظہار کرتی رہیں گی اور تنقید کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی تخلیقی کام پر مثبت اور منفی رائے دینا بحث کا حصہ ہے۔