پاک فوج کے زیر انتظام ایک اہم جرگہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شمالی وزیرستان کے مشران اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے جرگہ کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور علاقے میں امن و استحکام کے لیے قبائلی عمائدین اور مشران کے کردار کو سراہا۔جی او سی میرانشاہ نے علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور شرکاء سے علاقے کی ترقیاتی منصوبوں، درپیش انتظامی مسائل اور امن کے قیام کے لیے تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین اور عوام کے تعاون کے بغیر امن قائم رکھنا ممکن نہیں، اور اس ضمن میں قبائلی عمائدین کا کردار مرکزی ہے۔اس جرگے میں شرکاء نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں، جن میں تعلیم، صحت، روڈ میکینگ اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے اقدامات شامل تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
قبائلی عمائدین نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کا عزم دہرایا، اور کہا کہ علاقے میں امن قائم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔جرگے کے اختتام پر، شرکاء نے امن، ترقی اور بہتر حکمت عملی کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر، قبائلی عمائدین اور مشران نے واضح کیا کہ ان کی قوم امن اور ترقی کے لیے مکمل عزم رکھتی ہے اور یہ کہ وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں تاکہ علاقے میں خوشحالی اور امن قائم رہے۔