وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کی بھرپور پزیرائی کی اور اس میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں علیحدہ علیحدہ آپریشنز کے دوران 15 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے عزم اور قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، خاص طور پر ان اہلکاروں کا جنہوں نے آپریشنز کے دوران جام شہادت نوش کیا، جن میں لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان شامل تھے۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ان کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دن رات ملک کی حفاظت میں مصروف ہیں اور پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے غیر متزلزل عزم پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اور دہشت گردوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت اور فوج ایک ساتھ کھڑی ہیں۔