طوفانی بارش اور ژالہ باری سے دن میں رات کا سماں، تیز ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا

طوفانی بارش اور ژالہ باری سے دن میں رات کا سماں، تیز ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا

ویب ڈیسک: راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی متاثر کر دیا، تیز آندھی کے باعث درخت گرنے اور بجلی کی معطلی کی اطلاعات، این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

ہفتہ کو اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت جڑواں شہروں میں اچانک آندھی اور کالے بادل چھا گئے جس کے بعد شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش ہوئی۔ دوپہر ایک بجے کے قریب سورج غائب ہو گیا اور گاڑیوں کو ہیڈلائٹس آن کرنی پڑ گئیں، شہریوں نے دن میں شام جیسا منظر دیکھا۔بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ایبٹ آباد، ہری پور، اٹک، مردان، صوابی، ٹیکسلا، نوشہرہ، مانسہرہ، لوئر دیر، بونیر اور سوات کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، کئی علاقوں میں درخت گرنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی دیکھی گئی۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق گرد آلود آندھیوں اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے درخت گرنے، عمارتوں کو نقصان اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع اور شمالی بلوچستان، سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کی تازہ ایڈوائزری کے مطابق یہ موسم آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔