ویب ڈیسک: بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں آج شدید بارش اور موسمی خرابی نے زندگی کے معمولات درہم برہم کر دیے ہیں۔
چنئی کے مشہور مرینا بیچ پر بھی موسم کافی خراب ہے اور شمال مشرقی مون سون کی شدت کے سبب ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث گردابی طوفان کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ اس سال مون سون بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔ پاکستان میں دو ہفتے قبل سے بارشوں کا سلسلہ رک چکا ہے، مگر ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں اب بھی موسمی قہر جاری ہے۔شدید بارش کے سبب کئی شہروں میں حالات کافی بگڑ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند کر دی گئی ہیں۔ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، اور وسیع پیمانے پر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، یہ سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں ہے اور آنے والے 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔تمل ناڈو اور پڈوچیری میں شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں حالات کافی خراب ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوبی خلیج بنگال میں ایک گردابی طوفان کے آنے کا امکان ہے، جو مغرب-شمال-مغرب کی جانب بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔ بدھ کو شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں سے دور جنوبی، مغرب اور مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک دباؤ کا علاقہ قائم ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ساحلی تمل ناڈو کے کئی اضلاع جیسے ولوپورم، کڈڈالور، مائیلادوتھورائی، ناگاپٹنم، ترووالور، تنجاور، پڈوکوٹائی اور رامناتھ پورم کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ دارالحکومت چنئی کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سیلم، تروچیراپلی، ویلور، تروپتر، دھرما پوری اور پڈوکوٹائی اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔چنئی سمیت کئی علاقوں میں 24 گھنٹے سے جاری شدید بارشوں کے سبب علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جس سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مرینا بیچ پر بھی موسم خراب ہے اور تیز ہواؤں کے سبب گردابی طوفان کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔دوسری جانب، ممبئی میں بھی گزشتہ روز سے مسلسل شدید بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 3 دنوں میں ممبئی اور ٹھانے میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جس کے ساتھ گرج چمک اور بارش کے چھینٹے بھی پڑ سکتے ہیں۔ رتناگیری، سندھودرگ اور رائے گڑھ اضلاع میں بھی موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور یہاں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔