موسلادھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم، 175 سے زائد فیڈرز ٹرپ، درخت گرنے سے 3 گاڑیاں تباہ

موسلادھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم، 175 سے زائد فیڈرز ٹرپ، درخت گرنے سے 3 گاڑیاں تباہ

لاہور میں آج ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر بھر میں نظام زندگی کو شدید متاثر کر دیا۔ شدید بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور لیسکو کے 175 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔

بارش کے دوران مختلف حادثات بھی پیش آئے، جن میں مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سول سیکرٹریٹ کے قریب ایک بڑا درخت اچانک گر گیا، جو کہ قریبی کھڑی گاڑیوں پر آ گرا۔ واقعے میں تین گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں، جن میں ایک پولیس موبائل اور دو نجی گاڑیاں شامل تھیں۔متاثرہ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو اور متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور درخت کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔لیسکو حکام کے مطابق بارش کے باعث خراب ہونے والے فیڈرز کی بحالی کے لیے فیلڈ اسٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ہے، اور بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ادھر شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔