چیف جسٹس عالیہ نیلم کا بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت نوٹس ‘ آئی جی پنجاب کو طلب کیا، چیف جسٹس کے حکم پر آئی جی چیمبر میں ملاقات کیلئے پیش ہو گئے
پہلے آگاہی مہم چلائی جائے‘ وارننگ دیں‘ غلطی دہرانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے:چیف جسٹس‘وکلاء کے چیمبر سیل کرنے سے بھی روکدیا
لاہور(کورٹ رپورٹ‘مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کرنے اور گرفتار کرنے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے سخت نوٹس لے لیا۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب کو کم عمر افراد پر مقدمات درج کرنے سے روک دیا ‘ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو غیر قانونی طور پر وکلا کے چیمبرز کو بھی سیل کرنے سے روک دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے کم عمر بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت نوٹس لیا اور آئی جی پنجاب کو طلب کیا، چیف جسٹس کے حکم پر آئی جی پنجاب چیمبر میں ملاقات کے لیے پیش ہوئے۔جسٹس عالیہ نیلم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر ڈرائیورز پر مقدمات درج کرنے پر تشویش کا اظہار کیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب کو فوری طور پر کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کرنے سے روک دیا۔چیف جسٹس نے ہدایت کی پہلے آگاہی مہم چلائی جائے اور کمر عمر ڈرائیورز کو وارننگ دیں غلطی دہرانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا ٹوٹل 18 ہزار مقدمات درج کیے گیے ہیں جن میں سے 296 مقدمات کم عمر ڈرائیورز پر درج کیے گیے، کم عمر افراد کو ڈرائیونگ کے لیے لائسنس بننے کا انتظار کرنا چاہئے۔