ڈی چوک احتجاج عمران خان‘بشری بی بی سمیت 96 افراد کے وارنٹ گرفتاری (بانی پی ٹی آئی کی 7 مزید مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی)

انسداد دہشتگردی عدالت سے تھانہ کوہسار کی  پولیس نے  بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین،علی بخاری ‘ عامر مغل، عمر ایوب، شیر افضل مروت، خالد خورشید،فیصل جاوید   اورریاض علی خان کے بھی وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے
 ایم این اے عبداللطیف، فاتح الملک ،علی ناصر‘  بریگیڈیئر(ر)مشتاق اللہ، میجر(ر)راشد ٹیپو ، زلفی بخاری ، سلمان اکرم راجہ ،مراد سعید ،رئوف حسن ‘سہیل آفریدی ‘شہرام خان ترکئی کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے
 بانی پی ٹی آئی کی 7مقدمات میں گرفتاری کے بعد عدالت نے 14  روزہ  جوڈیشل ریمانڈ دیدیا‘جی ایچ کیو حملہ کیس میں علی امین گنڈاپور، راجہ بشارت، زرتاج گل، اعجاز احمد چٹھہ سمیت 47رہنمائوں کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنیکا حکم

اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشتگردی عدالت سے پولیس نے ڈی چوک میں احتجاج پر عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے۔ذرائع کا کہنا ہے  کوہسار پولیس نے مقدمہ نمبر 1032 میں پی ٹی آئی رہنما سمیت 96 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے ،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے انسداد دہشتگردی عدالت سے پولیس نے بشری بی بی، بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین،علی بخاری اور عامر مغل، عمر ایوب، شیر افضل مروت، خالد خورشید،فیصل جاوید کے بھی وارنٹ گرفتاری حاصل کیے۔اسی طرح عدالت نے ایم این اے عبداللطیف، فاتح الملک ،علی ناصر ،صوبائی وزیر ریاض خان علی زمان ، پیر مصور، میاں خلیق الرحمان، سہیل آفریدی اور شہرام خان ترکئی کے بھی وارنٹ جاری کردیئے ۔علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت سے بریگیڈیئر(ر)مشتاق اللہ، میجر(ر)راشد ٹیپو ، زلفی بخاری ، سلمان اکرم راجہ ،مراد سعید ،رئوف حسن کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔دریں اثناء  بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کے دوران جلائوگھیرا ئوکے مزید 7 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی، جس کے بعد عدالت نے 14  روزہ  جوڈیشل ریمانڈ دے دیا‘ تھانہ نیو ٹائون میں درج جلائوگھیرائو اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت اڈیالہ جیل میں کی، پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی۔ پولیس کی استدعا پر عدالت نے اس مقدمہ میں بھی عمران خان کو چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔علاوہ ازیں نسداد دہشت گردی کی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، راجہ بشارت اور زرتاج گل سمیت 47 ملزموں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔9 مئی کو جی ایچ کیو پر ہونے والے حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔جج نے ملزمان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 47 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔جن ملزمان کے وارنٹ جاری ہوئے ان میں وزیراعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور، راجہ بشارت، زرتاج گل، اعجاز احمد چٹھہ سمیت دیگر شامل ہیں۔عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے اگلی سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔