اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کوسابق ڈی جی لاہور شہزاد سلیم کیخلاف کارروائی سے روکدیا

  اسلام آباد(آئی این پی )سابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے خلاف مس کنڈکٹ پر نیب انکوائری کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین نیب نے انہیں چارج شیٹ جاری کردی جسے شہزاد سلیم نے اسلام آباد ہائیکوٹر میں چیلنج کردیا، عدالت نے نیب کو ان کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔   سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔شہزاد سلیم نے اپنے خلاف مس کنڈکٹ کی انکوائری کا بتایا اور اپنے خلاف کارروائی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کی استدعا کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو سابق ڈی جی شہزاد سلیم کے خلاف کسی بھی تادیبی کاروائی سے روک دیا اور حکم دیا کہ پٹیشن کے فیصلے تک نیب شہزاد سلیم کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کرے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواب کے لیے نیب کو 16 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا، نیب سے انکوائری کی مکمل رپورٹ  اور پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے۔