آزاد کشمیر انتخابات: نواز شریف آج میرپور میں بڑا انتخابی جلسہ کریں گے

آزاد کشمیر انتخابات: نواز شریف آج میرپور میں بڑا انتخابی جلسہ کریں گے

میرپور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں صرف دو روز باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور مختلف جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف آج میرپور کے قائداعظم اسٹیڈیم میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور مقامی قیادت بھی شریک ہوگی۔قائداعظم اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اسٹیج کی تیاری، سیکیورٹی انتظامات، نشستوں اور دیگر سہولیات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ جلسے کے شرکا کو بہترین انتظامات فراہم کیے جا سکیں۔مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے، جبکہ مختلف اضلاع اور علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بڑے عوامی جلسے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے اور انتخابی ماحول کو مزید گرم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے، جن کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتیں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔