آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی، عوام نے ن لیگ کی کارکردگی پر اعتماد کیا: مریم اورنگزیب

آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی، عوام نے ن لیگ کی کارکردگی پر اعتماد کیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر پارٹی کی کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے عوام نے بھی ووٹ کی طاقت سے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے بیانیے اور پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے کسی دباؤ، دھمکی یا مبینہ دھاندلی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے ووٹ کے ذریعے آزادانہ فیصلہ کیا، جو جمہوری عمل پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی، عوامی خدمت اور محنت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقیم کشمیری ووٹرز نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر اعتماد کرنے پر کشمیری مہاجرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائم ہونے کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاکستان اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو امید ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پونچھ ڈویژن میں بھی پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی انتخابی مہم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور پونچھ کے عوام بھی ترقی کے نشان شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیں گے۔