اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر پارٹی قائد محمد نواز شریف، کامیاب امیدواروں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حاصل ہونے والی کامیابی مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت اور پوری پارٹی ٹیم کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی مؤثر اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، جس کے باعث عوام نے پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام پارٹی کی پالیسیوں اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر اعتماد رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت جمہوری عمل کے استحکام کی علامت ہے، جو آزاد جموں و کشمیر میں مضبوط جمہوری روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔