امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں کی طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 2700 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 78 ہزار 985 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ 100 انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جبکہ پیر کے روز نمایاں اضافے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کی۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی خبر سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور خریداری کا رجحان مضبوط رہا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں سفارتی پیش رفت برقرار رہی تو اس کے مثبت اثرات نہ صرف عالمی توانائی کی منڈیوں بلکہ پاکستان سمیت خطے کی اسٹاک مارکیٹوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔