بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت اور سی جے پی کے ترجمان سوراو داس کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں دونوں نے ایک دوسرے پر سخت تنقید کی ہے۔
سوراو داس نے صحافی برخا دت کے پروگرام دی موجو اسٹوری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کنگنا رناوت سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، تاہم ان کے بقول اداکارہ مسلسل ان پر اور جنرل زیڈ (Gen Z) نوجوانوں پر ذاتی حملے کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے دوست یہ سوال کر رہے تھے کہ کنگنا رناوت انہیں مسلسل کیوں نشانہ بنا رہی ہیں۔ سوراو داس کے مطابق ایک دوست نے مذاق میں کہا کہ شاید وہ نوجوانی کے دور کے ہریتھک روشن سے مشابہت رکھتے ہیں، جس پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ان پر ذاتی حملے کیوں کیے جا رہے ہیں۔مبصرین کے مطابق سوراو داس کا یہ تبصرہ کنگنا رناوت اور ہریتھک روشن کے درمیان 2016 میں سامنے آنے والے تنازع کی جانب اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔اس سے قبل اے این آئی سے گفتگو میں سوراو داس نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں کنگنا رناوت کی اپنی جماعت کے لوگ بھی انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے، اسی لیے جنرل زیڈ نوجوان بھی ان کے بیانات کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔سوراو داس کے بیان کے بعد کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے لکھا کہ انہوں نے گوگل پر سوراو داس کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی عمر 28 سال دیکھ کر حیرت ہوئی کہ وہ خود کو طالب علم کیوں قرار دیتے ہیں۔
کنگنا نے مزید لکھا کہ وہ گزشتہ دو برس سے سیاست میں ہیں، تاہم گزشتہ 20 برس سے عوامی زندگی کا حصہ ہیں، اور اس عمر میں انہیں دو قومی ایوارڈز مل چکے تھے۔اپنی پوسٹ میں کنگنا رناوت نے سوراو داس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے اور انہیں کوئی ہنر سیکھنے کا مشورہ بھی دیا۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کنگنا رناوت نے جنتر منتر سمیت مختلف مقامات پر جنرل زیڈ طلبہ کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مظاہرین کے رویے اور زبان کو نامناسب قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک جگہ اتنی "بدصورتی" نہیں دیکھی، جبکہ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایسے نوجوانوں کی تربیت کون کر رہا ہے۔کنگنا رناوت اور سوراو داس کے درمیان جاری یہ لفظی تنازع سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے۔ ایک جانب کنگنا کے حامی ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب متعدد صارفین سوراو داس کے بیانات کو کنگنا کے خلاف مؤثر جواب قرار دے رہے ہیں۔