شکیل شاہ ،بابر ،مظہراور سلمان کے ورثا کی طرف سے خاموشی سے میتوں کی تدفین کی کو شش ناکام بنا دی گئی
پیرمحل (خصوصی رپورٹ)چک نمبر 741 بھسی کاٹھیاں میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں شکیل شاہ عرف پیر شیلے شاہ، بابر، مظہر اور سلمان شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دو افراد موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ دو نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پیرمحل میں دورانِ علاج جان کی بازی ہار دی۔مزید دو متاثرہ افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد ورثا نے میتوں کی تدفین کی کوشش کی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل ہونے تک تدفین روک دی۔پولیس نے ابتدائی کارروائی کے دوران حیدر کاٹھیاں نامی مکان مالک کو حراست میں لے لیا ، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ، ڈی ایس پی سرکل پیرمحل/کمالیہ اور دیگر پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیدیا جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔