کمرشل ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کی تیاری

ڈرائیونگ اور لائسنس ریکارڈ کی جانچ، حادثات میں ملوث ڈرائیورز کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ 
لاہور(خصوصی رپورٹ)شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے کمرشل اور پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کی جامع جانچ پڑتال کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف حفاظتی اقدامات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پبلک سروس اور کمرشل ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ، ڈرائیونگ ہسٹری اور ڈرائیونگ لائسنس کی تفصیلات کی جانچ کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ایس پی ہیڈکوارٹرز کو ٹریفک حادثات کی وجوہات کا جائزہ لینے اور ان کی روک تھام کے لیے م ئوثر تجاویز مرتب کرنے کا خصوصی ٹاسک بھی سونپا گیا۔سی ٹی او لاہور نے اجلاس کو بتایا کہ شہر میں کمرشل گاڑیاں مجموعی رجسٹرڈ گاڑیوں کا تقریباً پانچ فیصد ہیں، تاہم مہلک ٹریفک حادثات میں ان کا تناسب 48 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے پیش نظر سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی ٹرانسپورٹ یونین کریکٹر سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی ڈرائیور کو گاڑی نہ دے، جبکہ جرائم یا بار بار ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ ان کی معاونت کرنے والے عناصر کا بھی احتساب کیا جائے گا۔