یونس خان کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

یونس خان کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹر یونس خان کو بورڈ میں اہم ذمہ داری دینے پر غور کر رہا ہے۔

 ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر یونس خان نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات پیش کر دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق یونس خان کا نام پی سی بی کے نئے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کے لیے بھی مجوزہ فہرست میں شامل ہے۔ بورڈ سرفراز احمد اور مصباح الحق کی طرح یونس خان کے تجربے سے بھی کرکٹ کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔یونس خان پاکستان کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے، جبکہ 265 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ ماضی میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے چند روز قبل یونس خان سے باضابطہ رابطہ کیا تھا اور انہوں نے اس پیشکش پر اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے۔ تاہم حتمی معاملات طے ہونے کے بعد ہی ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی منظوری سے کیا جائے گا۔