لیونل میسی کو بیلن ڈی اور تقریب میں ذمہ داری ملنے کا امکان

لیونل میسی کو بیلن ڈی اور تقریب میں ذمہ داری ملنے کا امکان

لندن: ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور انٹر میامی کے اسٹار لیونل میسی کی 26 اکتوبر کو لندن میں منعقد ہونے والی بیلن ڈی اور ایوارڈز کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔

 انہیں ایوارڈ کے نئے فاتح کو ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی جا سکتی ہے۔رپورٹر خوان جیسس کے مطابق لیونل میسی تقریب میں شرکت کریں گے، تاہم ان کی آمد اور ایوارڈ کے فاتح کو ٹرافی پیش کرنے سے متعلق کردار کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔میسی دو ایڈیشنز میں نامزدگی حاصل نہ کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بیلن ڈی اور کے 30 امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ اپنے شاندار کیریئر میں ریکارڈ آٹھ مرتبہ یہ اعزاز جیت چکے ہیں، جبکہ انہوں نے آخری بار 2023 میں بیلن ڈی اور ٹرافی اپنے نام کی تھی۔39 سالہ ارجنٹائنی اسٹار نے کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے باعث انہیں ایک مرتبہ پھر فٹبال کی دنیا کے اس معتبر انفرادی اعزاز کے امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیلن ڈی اور ایوارڈز کی تقریب لندن کے معروف لندن پیلیڈیم میں منعقد ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب فٹبال کی دنیا کے اس بڑے ایوارڈ کی تقریب برطانوی دارالحکومت میں منعقد کی جائے گی۔تقریب کے دوران دیگر انفرادی اعزازات بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں بہترین نوجوان فٹبالر کے لیے کوپا ٹرافی اور بہترین گول کیپر کے لیے یاشین ٹرافی شامل ہیں۔اگر لیونل میسی کی شرکت اور فاتح کو ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری کی باضابطہ تصدیق ہوجاتی ہے تو ان کی موجودگی تقریب کی اہم جھلکیوں میں شامل ہوسکتی ہے۔ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے میسی کی شرکت شائقینِ فٹبال کے لیے بھی خصوصی دلچسپی کا باعث ہوگی۔