سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان پی سی بی کے ساتھ سندھ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سرگرم

سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان پی سی بی کے ساتھ سندھ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سرگرم

سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون سے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔

 یونس خان صوبے میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کرکٹ کی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق، یونس خان نے وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر سے ملاقات میں کرکٹ کے فروغ کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں۔ ان میں صوبے میں کرکٹ اکیڈمیز قائم کرنا، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مناسب کوچنگ کا انتظام اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے منصوبے شامل ہیں۔سردار محمد بخش مہر نے یونس خان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پی سی بی کے تعاون سے صوبے میں کرکٹ ٹیم کی تشکیل اور نوجوان کھلاڑیوں کی نشوونما کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یونس خان کی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

اس منصوبے میں سابق کرکٹرز جاوید میاں داد، راشد لطیف، اور معین خان بھی یونس خان کے ہم رکاب ہوں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین تربیت فراہم کی جا سکے۔ پی سی بی اور سندھ حکومت کا مقصد صوبے کے ہر ضلع میں کرکٹ کی بنیادیں مضبوط کرنا اور نئے ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سامنے لانا ہے۔یونس خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور چاہتے ہیں کہ کرکٹ کی محبت ہر چھوٹے شہر اور گاؤں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت اور سہولیات فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس میں کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔