جعلی کھاد کی 150بوریاں بر آمد، 2ملزم گرفتار

 ملزم عمران اور عدنان جعلی کھاد کی تیاری و فروخت میں ملوث پائے گئے 
ساہیوال،غازی آباد (خصوصی رپورٹ)جعلی کھاد کے خلاف بھرپور کریک ڈا ئون کے دوران ایک اہم کامیابی ،جعلی کھاد کی 150 بوریاں بر آمد کرکے 2ملزموں کو گرفتار کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)سمیع آ فاروق اور ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چودھری شہباز اختر کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈاکٹر طاہر جاوید کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اسلم نے مقامی پولیس کے ہمراہ تحصیل ساہیوال کے چک 90/6-R میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عمران ثاقب اور محمد عدنان ظفر جعلی کھاد کی تیاری و فروخت میں ملوث پائے گئے اور موقع سے جعلی کھاد سنگل سپر فاسفیٹ کی 150 بوریاں بر آمد ہوئیں جنہیں قبضہ میں لیکر بطور مال مقدمہ پولیس کے حوالے کر کے دونوں ملزموں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ دریں اثناء￿  اس غیر قانونی سرگرمی میں دیگر سہولت کاروں کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں جس کی تفتیش جاری ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جعلی و ملاوٹ شدہ کھاد کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔