ایران کے امریکی واسرائیلی اہداف پر100سے زائد میزائل وڈرون حملے‘ 200راکٹ فائر‘ یو اے ای میں 37 امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعوی

جنگ نہیں روکوں گا:ٹرمپ امریکہ کا ایران میں سپورٹس ہال پر حملہ، 21  شہری شہید‘کوئی دشمن فوجی زندہ نہیں بچنا چاہیے:ایرانی آرمی چیف
مقاصد کی تکمیل تک جنگ جاری رہے گی،  2سے 3 ہفتوں میں ایران پر شدید حملے کئے جائیں گے‘، ایران کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیج دیں گے، ہمیں آبنائے ہرمز کی ضرورت نہیں:امریکی صدر کا قوم سے خطاب
  اسرائیل کے ایران پر حملے میں  سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخمی‘  اہلیہ شہید ہوگئیں ، ایران کابحرین کے دارالحکومت میں امریکی اڈے پر  ڈرون حملہ،بغداد میں امریکی سفارتی مرکز‘  وکٹوریہ ایئربیس پر میزائل برسائے گئے
ٹرمپ کی باتیں مضحکہ خیز، کبھی سر نہیں جھکایا، آبنائے ہرمز بھول جائیں،امریکہ ،اسرائیل ایران کی حقیقی عسکری طاقت سے ناواقف ہیں،ایرانی قوم اور مسلح افواج حملہ کرنے والوں کے پائوں کاٹ دیں گے:ترجمان ایرانی فوج
واشنگٹن‘تہران(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے   آئندہ دو سے تین ہفتوں میں ایران پر مزید شدید حملے کرینگے ،بہت جلد تمام فوجی مقاصد حاصل کرلئے  جائیں گے،ہم نے ایران کی نیوی، ائیرفورس کو مکمل تباہ کردیا، رجیم ختم ہوچکا،   ایٹم بم بنانے کی صلاحیت بھی ختم کردی ہے، ایران کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیج دیں گے، جہاں سے ان کا تعلق ہے،  ہمیں آبنائے ہرمز کی ضرورت نہیں  ،   جن ممالک کے پاس تیل نہیں، وہ امریکا سے حاصل کرلیں، جو ممالک تیل حاصل نہیں کرسکتے، انہیں آبنائے ہرمز سے تیل خود لینا ہوگا، تنازع ختم ہو گا تو آبنائے ہر مز قدرتی طور پر کھل جائے گی،ایران جنگ میں13امریکی فوج ہلاک ہوگئے ہیں، ایرانی حکومت نے  45 ہزار مظاہرین کو قتل کیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  امریکی  عوام سے خطاب میں کیا ۔اپنے 20منٹ کے طویل خطاب میں   صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن شروع کیے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا، چار ہفتوں میں امریکی فوج نے فیصلہ کن حملے کیے ہیں،  ہم نے ایران کی نیوی، ائیرفورس کو مکمل تباہ کردیا ،  انکے کئی لیڈر ختم ہوچکے، رجیم ختم ہوچکا، ایران کے ایٹم بم بنانے کی صلاحیت بھی ختم کردی۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران جنگ کا مشکل حصہ مکمل ہوچکا، اب ایران خطرہ نہیں رہا، ایران جنگ کے اسٹریٹجک مقاصد تکمیل کے قریب ہیں، مقاصد کی مکمل تکمیل تک جنگ جاری  رہے گی، اپنا مشن مکمل کریں گے۔صدر ٹرمپ نے  ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا بھی اشارہ دیا اور دھمکی دی کہ ایران کو پتھر کے زمانے میں پہنچا دیں گے۔دریں اثناء ایران میں ایک سپورٹس ہال پر امریکی میزائل حملے میں 21 شہری شہید ہوگئے  ۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والے افراد میں نوعمر بھی شامل ہیں۔ ایرانی حکومت نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "قابل نفرت جنگی جرم" قرار دیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ حملہ صوبہ فارس کے شہر لامرد میں اسپورٹس ہال پر ہوا‘  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ جاری رکھنے کے اعلان کے بعد ایران نے   امریکی واسرائیلی اہداف پر100سے زائد میزائل وڈرون حملے کیے ہیں اور 200راکٹ فائر کیے، صیہونی ریاست پر کلسٹر میزائل داغے جانے کے بعد  تل ابیب سمیت کئی شہروں میں سائرن بج اٹھے،متعددا فراد زخمی ہوگئے ،دوسری جانب  اسرائیل کے ایران پر شدید حملے میں  سابق وزیر خارجہ کمال خرازی زخمی جبکہ انکی  اہلیہ شہید ہوگئیں، خلیجی خطے میں  حملوں میں ایران نے متحدہ عرب امارات میں 37 امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی  کیا ہے،بحرین کے دارالحکومت میں امریکی اڈے پر  ڈرون حملہ کیا گیا  ،بغداد میں امریکی سفارتی مرکز نشانہ  وکٹوریہ ایئربیس پر میزائل مارے۔ سعودی وزارت دفاع نے مزید چار ڈرونز مار گرانے کا دعوی کیا ہے،امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو عراق چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ایران کی فوجی قیادت نے امریکا اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی حقیقی عسکری طاقت سے ناواقف ہیں، ٹرمپ کی باتیں مضحکہ خیز ہیں، کبھی سر نہیں جھکایا، آبنائے ہرمز بھول جائیں، ایرانی قوم اور مسلح افواج اپنے ملک پر حملہ کرنے والوں کے پائوں کاٹ دیں گے،جنگ کو دشمن کی حتمی شکست تک جاری رکھا جائے گا۔ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق  ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کی دھمکیوں پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ   ایرانی قوم اور مسلح افواج اپنے ملک پر حملہ کرنے والوں کے پائوں کاٹ دیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ ایران نے کبھی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے  صدر ٹرمپ کی باتوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ ایرانی قوم کے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز نہیں کھولا جائے گا۔