اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ون آن ون گفتگو ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اہم قومی معاملات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے صدر مملکت کو ایک اہم پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر ملک میں جاری سیاسی معاملات اور مختلف قومی امور پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی ملاقات کے اہم موضوعات میں شامل رہی۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے نئے صوبوں سمیت مختلف قومی معاملات پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک کے وسیع تر قومی مفاد میں تمام سیاسی اور متعلقہ فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ قومی نوعیت کے اہم معاملات کا پائیدار حل باہمی مشاورت اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی اہم مسئلے پر تمام فریقوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے تاکہ ایسے فیصلے کیے جاسکیں جنہیں وسیع تر حمایت حاصل ہو۔ملاقات میں ملکی معاملات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل اور سیاسی سطح پر مشاورت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، تاہم محسن نقوی کی جانب سے صدر مملکت کو پہنچائے گئے اہم پیغام کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔