کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی صورتحال بالخصوص سکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔دوسری جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔