عاقب جاوید کو بھی ٹیم سے نکالیں، سعید اجمل کی ٹیم میں تبدیلی پر سخت ناپسندیدگی ظاہر

عاقب جاوید کو بھی ٹیم سے نکالیں، سعید اجمل کی ٹیم میں تبدیلی پر سخت ناپسندیدگی ظاہر

لاہور: پاکستان کے سابق قومی اسپنر سعید اجمل نے قومی کرکٹ ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی فیصلوں پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کے رکن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ سیریز کے دوران ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے اہم فیصلے سیریز یا ٹور کے دوران نہیں بلکہ دورہ مکمل ہونے کے بعد کیے جانے چاہئیں۔سابق کرکٹر نے قومی ٹیم کے طریقہ کار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے کہ میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ ان کے بقول یہ ایک غیر سنجیدہ طرزِ عمل ہے اور اس سے ٹیم کے نظم و نسق کے حوالے سے غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔

عاقب جاوید کو ہٹانے کا مطالبہ
سعید اجمل نے اپنے ویڈیو پیغام میں سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو کوچنگ سے ہٹا دیا گیا، لیکن مائیک ہیسن کو برقرار رکھا گیا ہے۔ سعید اجمل نے سوال کیا کہ مائیک ہیسن نے وائٹ بال کرکٹ میں اب تک کیا نتائج دیے ہیں۔سابق اسپنر نے پی سی بی کے فیصلوں میں تسلسل اور میرٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے اندر بار بار تبدیلیاں کرنے کے بجائے ایک واضح اور مستقل پالیسی اختیار کی جانی چاہیے۔

امام الحق کے معاملے پر بھی سخت مؤقف
سعید اجمل نے قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امام الحق سے کوئی غلطی ثابت ہوتی ہے تو انہیں سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے بھی مثال قائم ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ٹیم میں نظم و ضبط اور احتساب سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور کسی بھی کھلاڑی کے خلاف کارروائی شواہد اور میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد بڑی تبدیلیاں
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم اور کوچنگ سیٹ اپ میں متعدد تبدیلیاں کیں۔پی سی بی کی جانب سے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کیا گیا، جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔ان تبدیلیوں کے بعد قومی ٹیم کے انتخاب، کوچنگ اسٹاف اور انتظامی فیصلوں پر سابق کرکٹرز اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ سعید اجمل بھی ان سابق کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے موجودہ فیصلوں پر کھل کر تنقید کی اور مزید تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے۔