برطانوی گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

برطانوی گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

لندن:  برطانوی گلوکارہ بونی ٹائلر، جنہوں نے اپنی منفرد بھاری آواز اور لازوال گانوں کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی، 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

 وہ پرتگال کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، جہاں آنتوں کی پیچیدہ سرجری کے بعد طبی پیچیدگیوں کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔بونی ٹائلر، جن کا اصل نام گینر ہاپکنز تھا، نے 1969 میں موسیقی کے سفر کا آغاز کیا۔ 1977 میں ان کا گانا "It's a Heartache" عالمی سطح پر مقبول ہوا، جبکہ 1983 میں ریلیز ہونے والا شہرۂ آفاق گیت "Total Eclipse of the Heart" ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ثابت ہوا اور انہیں دنیا کی صفِ اول کی گلوکاراؤں میں شامل کر دیا۔ان کے دیگر مشہور گانوں میں "Holding Out for a Hero"، "Lost in France" اور "Bitterblue" شامل ہیں۔ بونی ٹائلر نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران 18 سے زائد البمز ریلیز کیے، جن میں سے کئی بین الاقوامی میوزک چارٹس پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ویلز سے تعلق رکھنے والی بونی ٹائلر اپنی منفرد، بھاری آواز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانی جاتی تھیں۔ انہوں نے 2013 میں برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے یوروویژن سانگ کانٹیسٹ میں بھی حصہ لیا اور آخری برسوں تک موسیقی سے وابستہ رہیں۔بونی ٹائلر کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر کے مداحوں، فنکاروں اور موسیقی سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے لازوال گیت آج بھی دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں اور موسیقی کی تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔