مجاہد اسکواڈ نے قاتل کیمیکل ڈور کی سپلائی ناکام بنادی، ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کے دوران مجاہد اسکواڈ نے قاتل کیمیکل ڈور کی سپلائی ناکام بنا دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق ناکہ گلویڑہ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم افضل کو گرفتار کیا گیا، جو قصور سے لاہور کی جانب خطرناک کیمیکل ڈور کی چرخیاں اور ڈور تیار کرنے کا خام مال منتقل کررہا تھا۔ پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ کی تلاشی کے دوران قاتل کیمیکل ڈور کی پانچ چرخیاں اور ڈور بنانے کا خام مال برآمد کرلیا۔ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ کاہنہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔