پولیسنگ میں بہتری اور مثبت تبدیلیاں لا رہے ہیں،جرائم میں واضح کمی آئی
پنجاب میں پراپرٹی سے متعلق جرائم تقریباً ختم ہو چکے ہیں‘‘میٹ دی پریس‘‘ میں گفتگو
لاہور(شہزاد راجپوت) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی کے ہمراہ پریس کلب لاہور کا دورہ کیا۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری جنرل افضال طالب اور دیگر عہدیداران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام پروگرام ''میٹ دی پریس'' میں شرکت کی اور کرائم رپورٹرز سے گفتگو کی۔ انہوں نے جرائم کی سرکوبی، معاشرتی اصلاح اور احتسابی عمل میں کرائم رپورٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کی سرکوبی میں کرائم رپورٹرز کی نشاندہی، رہنمائی اور مشاورت کا اہم کردار ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کرائم رپورٹرز پنجاب پولیس کی آنکھ، کان اور مددگار ہیں۔ پولیسنگ سسٹم میں کرائم رپورٹرز کا تعاون بہتری، اصلاح اور توازن کو فروغ دیتا ہے۔ عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب کے تقریباً 800 تھانوں میں سروس ڈلیوری کا بنیادی میکنزم پولیس اسٹیشن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن اور ہدایات کے تحت پولیسنگ میں بہتری اور مثبت تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ آٹومیٹڈ سسٹمز، سیف سٹیز کیمرے، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی، باڈی کیمز اور پینک بٹن انہی اصلاحات کا حصہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے، تھانوں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے م ئوثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سی سی ڈی کا سکوپ محدود ہے، تاہم شاندار اقدامات کی بدولت سنگین جرائم میں واضح کمی آئی ہے۔ جو کیسز سی سی ڈی کے دائرہ کار میں آتے ہیں وہ اسے سونپے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں کانسٹیبل سے اعلیٰ سطح کے عہدوں تک بدعنوانی اور بے ضابطگی پر محکمانہ کارروائیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ سی سی ڈی سمیت پنجاب پولیس کے تمام شعبوں میں خود احتسابی کا شفاف نظام موجود ہے۔ بدعنوانی، بدسلوکی اور اختیارات سے تجاوز کی شکایات پر کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں پراپرٹی سے متعلق جرائم تقریباً ختم ہو چکے ہیں جبکہ ٹریفک کے نظام میں بھی بہتری آئی ہے۔ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں تقریباً 80 فیصد واقعات میں رشتہ دار یا جان پہچان کے لوگ ملوث ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایلیٹ اورینٹیشن کورس اے ایس پی لیول تک کروایا جاتا ہے جبکہ سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کیلئے بورڈ جلد منعقد ہوگا آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے باڈی کیمز کیلئے 12 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ ایک ہزار باڈی کیمز کی کھیپ موصول ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 500 مزید باڈی کیمز آج موصول ہو جائیں گے اور مزید بھی جلد پہنچ رہے ہیں۔ اب ہر پولیس افسر کو ناکوں پر باڈی کیم لگا نا ہو گا جس سے کرپشن کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ آئی جی عبدالکریم نے کہا کہ پولیس کے م ئوثر ایکشن اور حکومتی اقدامات کی بدولت کچے کے علاقے میں امن قائم ہوا ہے۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف ایکٹ بھی لایا جا رہا ہے جس کی سمری پراسیس میں ہیاس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے آئی جی پنجاب عبدالکریم کو شیلڈ پیش کی۔