باغبانپورہ پولیس نے ڈیلر گرفتار کرکے 1700 پتنگیں اور کیمیکل ڈور بر آمد کرلی
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں پتنگوں اور قاتل ڈور کی بین الاضلاعی ترسیل ناکام بنا دی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پتنگ فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈا ئون کے دوران باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی پتنگ ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر داروغہ والا کے قریب چیکنگ کے دوران ملزم عبدالرحمان کو پتنگوں اور ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 1700 پتنگیں اور قاتل کیمیکل ڈور کی 10 چرخیاں بر آمد ہوئیں۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں پتنگیں اور ڈور سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔